دبئی،12؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کے لیے منگل کا دن دو خوشیاں لے کر آیا۔ایک طرف جہاں انہیں روی شاستری کے طور پر اپنی پسند کا کوچ ملا تو دوسری طرف آئی سی سی درجہ بندی میں انہوں نے ون ڈے کے سب سے بہتر بلے باز کا تمغہ برقرار رکھا ہے۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی آئی سی سی کی تازہ جاری ون ڈے انٹرنیشنل بلے بازوں کی درجہ بندی میں ٹاپ پر برقرار ہیں جبکہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی تین مقام کے فائدے کے ساتھ 12ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ایم آرایف ٹائرس آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی رینکنگ میں سب سے اوپر پانچ بلے بازوں، گیند بازوں اور آل راؤنڈر وں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔کوہلی بلے بازوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں جبکہ ان کے بعد آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرس ، انگلینڈ کے جو روٹ اور پاکستان کے بابر اعظم کا نمبر آتا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں 154رن بنانے والے دھونی تین مقام کے فوائد کے ساتھ 12ویں نمبر پر ہیں۔سیریز میں سب سے زیادہ 336رن بنانے والے اجنکیا رہانے 13مقام کی چھلانگ سے کیریئر کے بہترین 23ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے بلے باز شائی ہوپ 20مقام کے فوائد کے ساتھ 61ویں نمبر پر ہیں۔سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سیریز سے نروشن ڈکویلا (سات مقام کے فوائد سے 38ویں نمبر )، سکندر رضا (تین مقام کے فوائد سے 51ویں نمبر )، ہیملٹن مساکادجا (14مقام کے فوائد کے ساتھ 57ویں نمبر )اپل تھرنگا (10مقام کے فوائد سے 64ویں نمبر )اور دنشکا گونتلک( 36مقام کے فوائد سے 70 ویں نمبر پر)کو فائدہ ہوا ہے۔گیندبازی اور آل راؤنڈر کی فہرست میں اگرچہ کسی ہندوستانی کو ٹاپ 10میں جگہ نہیں ملی ہے۔گیندبازی کی فہرست میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل وڈ جبکہ آل راؤنڈر کی فہرست میں بنگلہ دیش کے ثاقب الحسن سب سے اوپر ہیں.؟ گیندبازی کی فہرست میں بھونیشور کمار، جیسن ہولڈر اور روی چندرن اشون کی ٹاپ 20میں واپسی ہوئی ہے۔بھونیشور 6 مقام کے فوائد کے ساتھ 13ویں نمبر ، ہولڈر سیریز میں آٹھ وکٹ چٹکانے کے بعد پانچ مقام کے فوائد سے 18ویں نمبر جبکہ اشون 10مقام کے فوائد کے ساتھ 20ویں نمبر پر ہیں۔آل راؤنڈر کی فہرست میں سکندر رضا اور ہاردک پانڈیا کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔رضا 17مقام کے فوائد سے کیریئر کے بہترین 10ویں جبکہ پانڈیا 22مقام کے فوائد سے 26ویں نمبر پر ہیں۔
ہندوستان نے حال ہی میں اختتام پذیر سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 3-1سے شکست دی جبکہ سری لنکا کو زمبابوے کے خلاف 2-3سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ٹیم رینکنگ میں بھی تبدیلی ہوئی ہے۔ویسٹ انڈیز کی 30؍ستمبر 2017تک کی کٹ آف تاریخ تک آئی سی سی ورلڈ کپ 2017کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کی امیدیں دوبارہ بن گئی ہیں۔زمبابوے کی تاریخی جیت سے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پوائنٹس کا فرق ون ڈے ٹیم رینکنگ میں 10پوائنٹس کا رہ گیا ہے۔سری لنکا کے پوائنٹس اب گھٹ کر 93سے 88ہو گئے ہیں، ٹیم آٹھویں نمبر پر ہے،نویں مقام پر موجود ویسٹ انڈیز کے 78پوائنٹس ہیں۔سری لنکا کو کٹ تاریخ سے پہلے اگست میں پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستان کی میزبانی کرنی ہے جہاں سے اسے کوالیفائی کرنے کا ایک اور موقع مل جائے گا۔سری لنکا اگر سیریز میں دو یا اس سے زیادہ میچ جیت لیتا ہے تو ورلڈ کپ 2019کے لیے براہ راست کوالیفائی کر جائے گا، پھر ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا نتیجہ چاہے کچھ بھی ہو۔ہندوستان اگر 4-1سے سریز جیتا، جو ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ کے خلاف تمام پانچ میچ جیتنے ہوں گے اور اگر ہندوستان پانچوں میچوں میں کلین سوئپ کرتا ہے تو ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ کو 4-0یا اس سے بہتر فرق سے ہرانا ہوگا۔